ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دہلی کے ووٹروں کے حقوق ختم کرنے کی سازش کر رہی ہے مرکزی حکومت: آتشی

دہلی کے ووٹروں کے حقوق ختم کرنے کی سازش کر رہی ہے مرکزی حکومت: آتشی

Wed, 27 Nov 2024 12:21:55  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 27/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)دہلی کے وزیر اعلیٰ آتشی نے الزام عائد کیا ہے کہ مرکزی حکومت دہلی کے عوام کے ووٹ کاٹنے کی ایک بڑی سازش کر رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے منگل کے روز کہا کہ ایس ڈی ایم دفاتر سے اے ای آر او اور بی ایل او کو ہدایت دی جا رہی ہے کہ وہ ایک فہرست کے ذریعے عام آدمی پارٹی کے حامی ووٹروں کے نام انتخابی فہرست سے حذف کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت دہلی کے لوگوں کے خلاف بہت بڑی سازش رچ رہی ہے۔ مرکزی حکومت آئندہ دہلی اسمبلی انتخابات کو غیر منصفانہ طریقے سے جیتنے کے لیے جمہوریت کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ مرکزی حکومت سرکاری مشینری کے ذریعہ بڑے پیمانے پر دہلی والوں کے ووٹ کاٹنے کا کام شروع کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا ’’گزشتہ چند دنوں میں دہلی کے مختلف حصوں سے کئی بوتھ لیول آفیسرز (بی ایل او) جن میں آشا ورکرز، آنگن واڑی ورکرس، سرکاری اسکول کے اساتذہ شامل ہوتے ہیں، ایسے کئی بی ایل اوز نے ہم سے رابطہ کیا اور بتایا کہ ان پر بڑے پیمانے پر ووٹ کاٹنے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

انہوں نے الزام لگایا ’’ایک ضلع مجسٹریٹ جس کے دائرہ اختیار میں سات اسمبلی حلقے آتے ہیں، انہوں نے اپنے اسمبلی حلقوں کے 20,000 ووٹروں کی فہرست ہر اسمبلی کے اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر (اے ای آر او) کو ووٹ کٹوانے کے لیے دی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ یہ کسی پارٹی کا معاملہ نہیں ہے۔ اگر بڑے پیمانے پر غیر منصفانہ ووٹ ڈالے جائیں تو یہ جمہوریت کی خلاف ورزی ہے۔ ملک کا جمہوری آئین کسی ایک پارٹی سے بڑا ہے۔


Share: